سعودی عرب کا تہران میں سفارتخانہ جلد کھولنے کا اعلان
سعودی عرب نے تہران میں اپنا سفارتخانہ جلد کھولنےکا اعلان کردیا۔
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایران کا دورہ کیا اور ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی۔
دونوں ممالک نے خلیجی علاقوں میں میری ٹائم سکیورٹی بڑھانے پر زور دیا اورکہا تمام علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کوفروغ دیا جانا چاہیے اوریقینی بنانا چاہیے کہ خطہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک ہوگا۔
اس کے علاوہ سعودی وزیرخارجہ نے ایران کےصدر ابراہیم رئیسی سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان ایرانی صدر کے دورے کے منتظر ہیں۔
ا یرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسرائیل سمیت مسلمانوں کے دشمن ایران اور سعودیہ تعلقات سے ناخوش ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ عرصے میں سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہے اور سعودی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ایران ہے۔
ایران نے 6 جون کو سعودی عرب میں اپنا سفارت خانہ اور جدہ میں قونصل خانہ دوبارہ کھولا ہے۔
سعودی عرب اور ایران کے کشیدہ تعلقات چین کی معاونت سے مارچ میں دوبارہ بحال ہوئے ہیں، ایران میں سعودی سفارتخانے پر حملے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات 2016 میں منقطع ہو گئے تھے۔