گوگل بارڈ اور چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے پر ٹک ٹاک کا اے آئی چیٹ بوٹ متعارف
ٹک ٹاک نے بھی دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کی طرح اپنا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس چیٹ بوٹ متعارف کرا دیا ہے۔
ویڈیو شیئرنگ ایپ کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی ٹول ٹاکو کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایک ٹوئٹ میں سوشل میڈیا کمپنی نے بتایا کہ یہ ٹول ابتدائی طور پر فلپائن سے تعلق رکھنے والے محدود ٹک ٹاک صارفین کو دستیاب ہوگا۔
کمپنی کے مطابق اس حوالے سے ابھی مزید منصوبہ بندی نہیں کی گئی مگر ہم صارفین کی رائے جاننے کے لیے پرجوش ہیں۔
ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم ہمیشہ نئی ٹیکنالوجیز کو آزماتے ہیں تاکہ اپنی کمیونٹی کی اہمیت میں اضافہ کر سکیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کا اے آئی چیٹ بوٹ صارفین کی دلچسپی اور سوالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مواد کو تجویز کرے گا جبکہ فالو کرنے کے لیے بہترین افراد کی نشاندہی بھی کرے گا۔
ٹک ٹاک میں نئی تبدیلی جو اسے گوگل کے مقابلے پر کھڑا کر دے گی
ٹک ٹاک کے مطابق یہ چیٹ بوٹ سوالات کے جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور آپ سے بات چیت کر سکتا ہے، البتہ اس کی باتوں پر مکمل یقین کرنا بہتر نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں جیسے اوپن اے آئی، گوگل اور اسنیپ چیٹ کی جانب سے اے آئی چیٹ بوٹس لوگوں کے لیے متعارف کرائے جاچکے ہیں۔
اسی طرح مائیکرو سافٹ نے بھی اے آئی ٹیکنالوجی کو بنگ سرچ انجن سمیت اپنی تمام سروسز کا حصہ بنا دیا ہے۔