ٹوئٹر کی نئی سی ای او نے عہدہ ملنے پر خاموشی توڑ دی

بہت جلد ایلون مسک کی جگہ ایک خاتون لینڈا یاکارینو ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کا عہدہ سنبھال لیں گی۔

اب پہلی بار انہوں نے ٹوئٹر کی سربراہی ملنے پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ 12 مئی کو ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ ان کی جگہ لینڈا یاکارینو ٹوئٹر کی سی ای او بن جائیں گی۔

14 مئی کو ایک ٹوئٹ میں لینڈا یاکارینو نے اس حوالے سے اپنی خاموشی توڑی۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں عرصے سے روشن مستقبل کی تعمیر کے حوالے سے ایلون مسک کے نظریے سے متاثر ہوں، میں اس تصور کو ٹوئٹر کا حصہ بنانے کے لیے پرجوش ہوں اور اس بزنس کو بدل دینا چاہتی ہوں’۔

لینڈا یاکارینو نے کئی برس تک این بی سی یونیورسل میں متعدد برسوں تک اشتہارات کے شعبے کے سربراہ کے طور پر کام کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر 2.0 کی تعمیر کے لیے صارفین کا فیڈ بیک انتہائی ضروری ہے۔

یہ خاتون اس وقت ٹوئٹر کی سربراہی سنبھالیں گی جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی اشتہاری آمدنی میں نمایاں کمی آئی ہے اور وہ اسے بدلنے کی کوشش کریں گی۔

اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو ایلون مسک نے خرید لیا تھا جس کے بعد سے اشتہارات فراہم کرنے والے اداروں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے دوری اختیار کرنا شروع کر دی تھی۔

ایلون مسک نے کمپنی کے لگ بھگ 80 فیصد ملازمین کو نکال دیا اور کچھ عرصے قبل تسلیم کیا تھا کہ ٹوئٹر کی اشتہاری آمدنی میں نمایاں کمی آئی ہے۔

ایلون مسک کے مطابق لینڈا یاکارینو ٹوئٹر کو سپر ایپ بنانے میں مدد فراہم کریں گی مگر اشتہاری صنعت کی ماہر کو سی ای او بنانz سے عندیہ ملتا ہے کہ ڈیجیٹل اشتہارات اب بھی اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے بزنس کی بنیاد ہیں۔

ایلون مسک کے مطابق اپنی جگہ لینڈا یاکارینو کو لانے سے انہیں ٹیسلا کمپنی کے لیے زیادہ وقت مل سکے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *