سوڈان میں متحارب فریقین مذاکرات کیلئے تیار ہوگئے
اقوام متحدہ کے ایلچی برائے سوڈان وولکر پرتھیس کا کہنا ہےکہ سوڈان میں متحارب فریقین مذاکرات کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔
ایک بیان میں اقوام متحدہ کے ایلچی کا کہنا تھا کہ سوڈان میں فریقین نے مذاکرات کے لیے نمائندے نامزدکر دیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات سعودی شہر جدہ یا جنوبی سوڈان کےشہر جبہ میں ہوں گے، ابھی مذاکرات کے لیےکوئی ٹائم لائن طے نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ سوڈانی فوج اور باغیوں کے درمیان دو روز قبل مزید تین دن کے لیے جنگ بندی پر رضامندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔ پہلی جنگ بندی کے دوران کئی ممالک نے انخلاء کے لیے کیے گئے آپریشنز کے ذریعے اپنے ہزاروں شہریوں کو بحفاظت سوڈان سے نکال لیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورس کےدرمیان 15 اپریل سے جاری لڑائی میں اب تک 500 سے زائد افراد ہلاک اور 4 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سوڈان سے اب تک 45 ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں جبکہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ لڑائی جاری رہی تو 2 لاکھ 70 ہزار افراد ملک چھوڑ سکتے ہیں۔