وفاقی کابینہ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی سمری منظور کرلی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پنجاب میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی کی سمری منظور کرلی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں خواجہ آصف، رانا تنویر، ایاز صادق، امیرمقام، مرتضٰی جاوید عباسی، رانا ثنااللہ، مصدق ملک، اسعد محمود، شاہ زین بگٹی، ریاض پیرزادہ اور حنا ربانی کھرسمیت دیگر کابینہ اراکین شریک ہوئے۔

کابینہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے فنڈز سے متعلق فیصلے پر غور کیا گیا جس کے بعد  کابینہ نے پنجاب میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی کی سمری منظور کرلی۔

وفاقی کابینہ نے سمری منظور کرتے ہوئے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ قومی اسمبلی کو بھیج دیا۔

اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا تھا کہ ہم ضمنی سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری آج کابینہ اجلاس کوبھجوادیتے ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کوپارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اخراجات کا اختیار نہیں، قومی اسمبلی نے منظوری دی تو فنڈز جاری ہوجائیں گے، خزانہ ڈویژن بھی کابینہ اور قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر فنڈ استعمال نہیں کرسکتی۔