صحت مند ناشتہ کیا ہے؟
ناشتہ دن بھر کی وہ غذا ہوتا ہے جس کے لیے ماہرین نے خود کہا ہے کہ اگر دن کی شروعات ایک اچھی اور طاقتور غذا سے ہو تو یہ ناصرف جسمانی صحت بلکہ دماغی صحت کے لیے بھی انتہائی مفید ہے۔
لوگ ناشتے کے لیے مختلف غذاؤں کا انتخاب کرتے ہیں، کسی کو تلی ہوئی چیزیں یا دیسی گھی میں بنے پراٹھے پسند ہوتے ہیں تو کوئی ہلکا پھلکا ناشتہ پسند کرتا ہے جیسے کہ پھل یا ڈبل روٹی وغیرہ۔
لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ اصل میں صحت مند ناشتہ کیا ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔
اناج:
اناج میں روٹی، ڈبل روٹی، دلیہ شامل ہیں جو فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں اور ایک بہترین ناشتے میں شمار کیے جاتے ہیں، اس میں قدرت نے طاقت نے کئی راز چھپا کے رکھے ہیں۔
البتہ ان چیزوں کا استعمال چینی کے ساتھ نہ کیا جائے تو بہتر ہے۔
پروٹین:
صبح ہی صبح ناشتے میں پروٹین سے بھرا کھانا مل جائے تو آپ کا دن اچھا گزرے گا، ان کھانوں میں انڈا، دہی، پنیر اور ڈرائی فروٹس شامل ہیں، اس کے علاوہ بیجوں میں پروٹین کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، ان کے استعمال سے آپ کی صحت اچھی رہے گی اور آپ کے پٹھوں کو بھی طاقت ملے گی۔
سبزی اور پھل:
قدرت نے پھل اور سبزیوں کو نعمت کے طور پر اتارا ہے جس میں بیماریوں سے لڑنے کے لیے اینٹی آکسیڈینٹس ہوتے ہیں جبکہ وٹامنز اور منرلز بھی کافی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔
اپنے ناشتے میں بیریز، کیلا، ایواکاڈو، پالک اور ٹماٹر جیسے پھل اور سبزیوں کو شامل کیا جائے تو یہ آپ کے لیے بہترین ہے۔
فیٹس (Fats):
ویسے تو چکنائی والے کھانوں سے منع ہی کیا جاتا ہے لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہماری جلد اور جسم میں صحت مند فیٹس کی ضرورت ہوتی ہے جس کے لیے ڈرائی فروٹس، بیج، ایواکاڈو کو غذا میں شامل کرنا ضروری ہے۔
ڈیری اشیا:
کم چکنائی والا دودھ، دہی اور پنیر کا استعمال بھی آپ کے جسم میں کیلشیم اور وٹامن ڈی کی کمی کو پوا کرتا ہے جو ہڈیوں کے لیے ضروری ہے۔
اگر کسی کو دودھ اور دہی ہضم نہیں ہوتا ہو تو وہ ناریل اور بادام کادودھ بھی استعمال کرسکتا ہے۔
چینی سے پرہیز:
چینی انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے، چینی جسم میں قدرتی طور پر بننے والی انسولین کو متاثر کرتی ہے اور شوگر لیول ہائی کرتی ہے، اسی لیے ناشتے میں چینی سے بنی اشیا جیسے پیسٹری، بسکٹس وغیر کو کھانے سےپرہیز کرنا چاہیے۔