صحت مند رہنے کا آسان طریقہ جانتے ہیں؟
اگر آپ صحت مند رہنا چاہتے ہیں تو اپنے پیاروں کے ساتھ تعلقات اچھے بنالیں۔
یہ بات نیوزی لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
آک لینڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ قریبی رشتوں کے حوالے سے احساسات جسمانی صحت اور افعال پر اثرانداز ہوتے ہیں۔
اس سے قبل تحقیقی رپورٹس میں سماجی تعلقات، تناؤ اور بلڈ پریشر کے درمیان تعلق پر روشنی ڈالی گئی تھی۔
محققین نے بتایا کہ والدین، شریک حیات، بہنوں، بھائیوں اور اولاد سمیت دیگر افراد سے ہمارا تعلق روزمرہ کے تناؤ میں کردار ادا کرتا ہے اور تناؤ ہماری صحت پر اثرانداز ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 4 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا اور 3 ہفتے تک سوالنامے بھروائے گئے جبکہ ان کے بلڈ پریشر، دھڑکن کی رفتار اور تناؤ کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اپنے قریبی افراد کے حوالے سے مثبت سوچ رکھنے والوں کو تناؤ کا سامنا کم ہوتا ہے جس کے نتیجے میں بلڈ پریشر کی سطح گھٹ جاتی ہے جبکہ جسمانی افعال زیادہ بہتر ہوتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ کووڈ 19 کی وبا کے بعد سے لوگوں کے باہمی تعلقات میں تبدیلیاں آئی ہیں اور تناؤ کی شرح بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی یہ ٹھوس طور پر کہنا ممکن نہیں کہ رشتوں سے جڑے تجربات جسمانی اثرات مرتب کوتے ہیں مگر روزمرہ کے تناؤ اور باہمی رشتوں کے درمیان تعلق معلوم ہوتا ہے، جس سے جسمانی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔
اب محققین کی جانب سے تحقیق کو مزید آگے بڑھانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل Social Psychological and Personality Science میں شائع ہوئے۔