وزش بس اتنی جو صحت کے لیے فائدے مند ہو
صحت مند جسم اور دماغ کے لیے کم از کم کتنی ورزش کرنا ضروری ہے؟ اس کا جواب سائنسدانوں نے بتا دیا ہے۔
ویسے تو ورزش کو معمول بنانا صحت کے لیے بہترین ہوتا ہے مگر جرنل Jama نیٹ ورک میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ لوگوں کو صحت مند رہنے کے لیے کم از کم کتنی ورزش کرنی چاہیے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ہفتے میں ایک یا 2 بار 8 ہزار قدم چلنے والے افراد میں قبل از موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ ہفتے میں ایک یا 2 دن اس طرح کی چہل قدمی سے دل کی صحت کو اتنا ہی فائدہ ہوتا ہے، جتنا روزانہ 8 ہزار قدم چلنے والوں کو ہوتا ہے۔
جاپان کی Kyoto یونیورسٹی اور امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ جن افراد کے لیے روز ورزش کرنا مشکل ہوتا ہے، اگر وہ ہفتے میں ایک یا 2 بار بھی 8 ہزار قدم چلتے ہیں تو ان کی صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 3100 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ٹریکرز کے ذریعے ان کے روزانہ کے قدموں کے ڈیٹا کو اکٹھا کیا گیا۔
محققین نے ان افراد کی صحت کا جائزہ ایک دہائی تک لیا۔
نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ جو افراد ہفتے میں ایک یا 2 دن 8 ہزار قدم چلتے ہیں، ان میں کسی بھی بیماری سے آئندہ ایک دہائی میں موت کا خطرہ 14.9 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
اسی طرح 7 دنوں میں 3 سے 7 بار 8 ہزار قدم چلنے سے موت کا خطرہ 16.5 فیصد گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اس عادت سے 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی صحت کو سب سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ محققین کے مطابق ہفتے مں ایک یا 2 دن 8 ہزار یا اس سے زیادہ قدم چلنے سے امراض قلب سمیت ہر قسم کی بیماریوں سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔