شادی کا پرفارمنس سے تعلق نہیں، یہ سوال ہمیشہ نہیں ہونا چاہیے: شاداب
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے پریزینٹر زینب عباس کو شادی اور پرفارمنس سے متعلق سوال پر ٹوک دیا۔
گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف فتح کے بعد شاداب خان پچ سائیڈ شو کے مہمان بنے جس دوران میزبان عروج ممتاز اور زینب عباس نے کپتان شاداب خان سے ٹیم کی پرفارمنس سمیت دلچسپ سوالات بھی کیے ۔
شو کے دوران زینب عباس نے شاداب سے حسن علی کے شکوے سے متعلق سوال کیا کہ حسن کو شکوہ ہے کہ آپ شادی کے بعد وقت نہیں دیتے ، بعد ازاں زینب نے شادی اور پرفارمنس سے متعلق سوال کرنا چاہا؟
اس کے جواب میں شاداب خان ہنستے ہوئے ٹوکا کہ ہر بات شادی پر کیوں آرہی ہے؟ اگر میری پرفارمنس نہیں آرہی تو اس کا شادی سے کوئی تعلق نہیں، کیا انسان کو شادی نہیں کرنی چاہیے؟
شاداب نے زینب سے سوال کیا آپ کی شادی کے بعد ترقی ہوگئی؟ جس کے جواب میں زینب نے بتایا کہ شادی کے بعد میری پرفارمنس تو اور اچھی ہوگئی ہے۔
شاداب کا کہنا تھا کہ شادی کا پرفارمنس سے کوئی تعلق نہیں، شادی کی نہیں کرکٹ میں پرفارمنس کی بات کریں، شادی کا سوال ہمیشہ نہیں ہونا چاہیے۔
دوسری جانب دوران سوال و جواب عروج ممتاز نے شاداب خان سے شادی میں نہ بلانے کا شکوہ بھی کیا جس کے جواب میں شاداب نے بتایا کہ میرے پاس آپ کا نمبر نہیں تھا ، پھر اشارتاً بتایا کہ میں نے جس کو بلایا تھا وہ شادی میں نہ آئی اور سلامی بھی نہیں دی، جس پر زینب نے فوراً کہا کہ آپ کی سلامی رکھی ہوئی ہے۔