چینی بینک سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے رول اوور کی منظوری، پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر موصول

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ چین کے آئی سی بی سی بینک سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے رول اوور کی منظوری ہوچکی۔

اسحاق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ قرض پاکستان نے چین کو ادا کر دیا تھا، اس سہولت کے تحت پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر جمعہ کو موصول ہوچکے ہیں،  بقایا 80 کروڑ ڈالر دو قسطوں میں جلد موصول ہوں گے۔

وزیر خزانہ کے مطابق اس سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ اس سے قبل گزشتہ روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے ملک کے ساتھ جو کیا انہیں جیل میں ہونا چاہیے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان نے کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی کہ ملک ڈيفالٹ کر جائے لیکن پاکستان ڈیفالٹ نہيں کرے گا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے پاس پالیسی بھی ہے، پلان بھی ہے اور روڈ میپ بھی ہے، تمہارے پاس کیا تھا، کوئی انڈیکیٹر تو دکھا دیں کہ آپ نے بہت اچھا کام کیا ہو، عمران خان اپنے افلاطون لے آئیں اور مقابلہ کر لیں۔