27 فروری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی پر امن قوم ہے، آئی ایس پی آر
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ ‘کے 4 سال مکمل ہونے پر پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے4 برس مکمل ہونے پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارت نے پلواما فالس فلیگ آپریشن کے بعد بزدلانہ حملے کی کوشش کی، پاکستان نے جراتمندی سے بھارتی مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ 27 فروری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی پر امن قوم ہے، مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ کسی بھی مہم جوئی کا بھرپورطاقت سے جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 27 فروری 2019 میں پلوامہ حملے کے جھوٹے پروپیگنڈے اور کنٹرول لائن پار کرنے کی غلطی پر پاکستان نے بھارت کو “آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ” کی صورت میں کرارا جواب دیا تھا۔
4 سال پہلے آج ہی کے دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 2 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے اور بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار کرلیا تھا جس کے بعد ” Tea Is Fantastic” بھارتی فضائیہ کی ناکامی کا استعارہ بن گیا۔