تحریک انصاف کے 6 رہنما اڈیالہ جیل سے شاہ پور جیل منتقل
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی جیل بھرو تحریک میں گرفتار پی ٹی آئی کے 6 رہنماؤں کو اڈیالہ جیل سے شاہ پور جیل منتقل کردیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی ایک ماہ کی نظر بندی کے احکامات بھی جاری کردیےگئے۔
شاہ پور جیل منتقل کیے جانے والوں میں ذلفی بخاری، فیاض الحسن چوہان، صداقت علی عباسی، اعجاز خان، لطافت ستی اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری ساجد محمود بھی شامل ہیں۔
جیل بھرو تحریک کے منتظم اعجاز چوہدری نے دعویٰ کیا ہےکہ پشاور میں بھی ہزاروں افراد گرفتاری دینے نکلے تھے مگر کسی نے انہیں گرفتار ہی نہیں کیا۔
خیال رہےکہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بدھ 22 فروری سے جیل بھرو تحریک لاہور سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔