جیل بھرو تحریک: زلفی بخاری اور فیاض چوہان نے گرفتاری دے دی

راولپنڈی: تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری اور فیاض الحسن چوہان نے جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دے دی۔

پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دینے کے لیے پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور دیگر راولپنڈی کے کمیٹی چوک پہنچے۔

پی ٹی آئی رہنما فیاض چوہان کے ساتھ دیگر 10 پی ٹی آئی کارکنان نے گرفتاری دی جب کہ زلفی بخاری اور اعجاز خان نے بھی گرفتاری دے دی جس کے بعد پولیس قیدی وین انہیں کمیٹی چوک سے لے کر روانہ ہوگئی۔

تاہم پولیس وین میں بیٹھنے والے پی ٹی آئی کارکنان کو مندرہ میں اتاردیا گیا۔ فیاض الحسن چوہان اور دیگر 50 کارکنوں کو قیدی وین سے اتاردیا گیا۔

اس حوالے سے فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی پولیس نے مندرہ کے علاقے میں اتارا اور چھوڑ کر چلی گئی ہے۔

اس کے علاوہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید بھی پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں کمیٹی چوک پر موجود ہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں غلام سرور خان نے کہا کہ وہ گرفتاری نہیں دیں گے، چند لیڈرز اور چند ورکرز گرفتاری دیں گے۔