ترکیہ: زلزلے سے ہلاک 5 ہزار افراد کی اجتماعی قبروں میں تدفین

ترکیہ میں 6  فروری کو  آنے والے  زلزلے میں ہلاک ہونے والے 5 ہزار  افراد کی لاشوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکیہ اور شام میں  زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے دوسری جانب ہزاروں  عمارتیں منہدم ،کئی ہزار  افراد زخمی اور بے گھر  ہیں۔

 ترکیہ کے شہر”کہرامن ماراش ‘ کے ایک سینئر آفیسر نے برطانوی اخبار ٹیلی گراف کو بتایا کہ شہر میں 10 ہزار لاشوں کو دفنانےکی گنجائش ہے اور  زلزلے میں ہلاک ہونے والے کم از کم 5 ہزار افراد کی گمنام لاشوں کو اجتماعی طور پر دفنایا جاچکا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  زلزلے کے بعد  عمارتوں کے ملبے تلے برآمد ہونے والی لاشوں کو دفنانے کیلئے  جنگل کے ایک بڑے حصے  میں اجتماعی قبریں کھودی گئی ہیں جہاں مقامی انتظامیہ کی تابوت لے جانے والی گاڑیاں  دن بھر میں درجنوں لاشیں بھر کر لا رہی ہیں، مقامی انتظامیہ نے شناخت نہ ہونےکے باعث قبروں پر کتبوں کے بجائے لکڑی کے ڈنڈے لگائے ہیں جن پر ہلاک ہونے والوں کی تصاویر اور نمبر درج ہیں۔

دوسری جانب الجزیرہ کی جانب سے ترکیہ کے شہر  ہاطو ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے سیاہ بیگ میں لائی گئی گئی لاشوں کو اجتماعی طور پر دفناتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دفنانے کیلئے لائی جانے والی لاشوں کی تعداد بھی روزانہ بڑھ رہی ہے جن کیلئے مزید قبروں کی کھدائی کا سلسلہ جاری ہے۔