ویڈیو: پی ایس ایل 8 کا گانا ریلیز سے قبل ‘لیک’ ہونے کا دعویٰ

ہر سال کے آغاز پر جہاں شائقین کرکٹ کو پاکستان سپر لیگ کے نئے سیزن کے آغاز کا انتظار ہوتا ہے وہیں مداح پی ایس ایل کے ترانے کا بھی بے صبری سے انتظار کررہے ہوتے ہیں۔

ان دنوں بھی کچھ یہی سما ہے، 13 فروری کو پی ایس ایل کا آغاز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سے ہوگا جہاں میزبان ملتان دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا سامنا کرے گی۔

تاہم حال ہی میں ٹوئٹر پر کچھ ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن کے حوالے سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پی ایس ایل کا گانا شوٹنگ کے دوران لیک ہوگیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلوکار پرفارم کررہے ہیں جب کہ ارد گرد تماشائیوں کا حجوم ہے۔

ویڈیو میں عبد اللہ صدیقی کو دیکھا جاسکتا ہے جب کہ لیک ویڈیو میں آسمان پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

اس سے قبل پی ایس ایل کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اعلان کیا گیا تھا کہ ترانہ عبداللہ صدیقی، فارس شفیع، عاصم اظہر اور شے گل کی آواز میں ریلیز کیا جائے گا۔