قتل کے منصوبے کا الزام: آصف زرداری نے عمران خان کو قانونی نوٹس بھیج دیا
اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کو 10 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس سابق صدر آصف زرداری کی جانب سےبھجوایا گیا ہے جس میں ان سے 14 دن میں غیرمشروط معافی مانگنے کا کہا گیا ہے۔
سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے قانون نوٹس فاروق ایچ نائیک نے بھیجا جس میں کہا گیا ہےکہ 27 جنوری کو عمران خان نے قومی میڈیا پر خطاب میں سابق صدر آصف زرداری پر الزام لگایا کہ انہیں آصف زرداری کی جانب سے جان کا خطرہ ہے، انہوں نے عمران خان کے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔
قانون نوٹس میں کہا گیا ہےکہ اس حوالے سے کیا عمران خان کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں؟ یہ سراسر الزام اور بہتان ہے، اس سے کئی شکوک و شبہات پیدا ہوئے ہیں لہٰذا عمران خان عدالت کو اس پر واضح مؤقف دیں اور ثبوت سامنے لائے جائیں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہےکہ عمران خان کی جانب سے معافی نہ مانگنےکی صورت میں شہرت کوپہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔
واضح رہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ دنوں اپنے خطاب میں الزام عائد کیا تھا کہ ’ایک پلان سی بنا ہے، آصف زرداری اس کے پیچھے ہے، ان کے پاس کرپشن کا پیسہ بے تحاشہ ہے، انہوں نے مجھے قتل کرانے کے لیے یہ پیسہ دہشتگرد تنظیم کو دیا ہے‘