کوئٹہ سے کراچی آنیوالی کوچ بیلہ میں حادثے کا شکار، ہلاکتوں کی تعداد 40 ہو گئی

لسبیلہ: بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 40 افراد جاں بحق اور  متعدد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کھائی میں گرنے کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگ گئی، امدادی کارروائیوں کے دوران  ابتدائی طور پر 12 افراد کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی کی طرف جا رہی تھی کہ بیلہ میں چنیکی اسٹاپ کے قریب کھائی میں گر کر حادثے کا شکار ہو گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلہ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں، اب تک 40 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ 4  زخمی افراد کو اسپتال  منتقل کیا گیا ہے۔

اے سی بیلہ کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار بس سے نکالی جانے والی زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہیں، لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔