پی ایس ایل کے 8 ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان، افتتاحی تقریب ملتان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8 ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھاکہ مجھے پی ایس ایل 8 سے متعلق پریس کانفرنس کر کے خوشی ہو رہی ہے، گزشتہ سال پی ایس ایل کے لیے اچھا رہا، پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل سے بڑا ٹی ٹوئنٹی برانڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 8 کی افتتاحی تقریب ملتان میں ہوگی، لیگ کے میچز دو مرحلوں میں ہوں گے، میچز ملتان، کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل کے موقع پر ویمن کے تین نمائشی میچز ہوں گے جن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل شریک ہوں گی۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ منیجمنٹ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں بتایا کہ کوئٹہ میں نمائشی میچ کرانا چاہتے ہیں، کوئٹہ میں میچز کے لیے وہاں کی انتظامیہ سے بھی بات ہوئی ہے۔

پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پہلا میچ ملتان میں 13 فروری کو ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 19 مارچ کو لاہور قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔