پی ڈی ایم ضمنی نہیں بلکہ اکتوبر کا جنرل الیکشن لڑے گی: وزیر داخلہ

لندن: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ضمنی نہیں بلکہ اکتوبر کا جنرل الیکشن لڑے گی۔

 وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے لندن میں میڈیا ٹاک کے دوران کہا کہ عمران خان 35 حلقوں سے الیکشن لڑیں یا 70 سے اس مرتبہ عمران خان کا پٹہ کھول دیں گے۔

لندن میں نواز  شریف سے ملاقات سے پہلے جیو نیوز سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وہ نواز شریف سے پارٹی کے تنظیمی معاملات اور  موجودہ سیاسی صورت حال پر رہنمائی لیں گے۔

رانا ثنا نے کہا ن لیگ پنجاب اسمبلی کے الیکشن کیلئے تیار ہے۔ مریم نواز پاکستان جارہی ہیں۔ ان کے پیچھے پیچھے نوازشریف پاکستان پہنچیں گے۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے 34 ارکان اور شیخ رشید کے استعفے منظور کرلیے ہیں۔ ان 34 ارکان میں 32 منتخب ہوکر اور 2 خواتین کی مخصوص نشست پر ایوان میں آئے تھے۔

پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ نے اعلان کیا کہ ان نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں وہ حصہ نہیں لے گی تاہم فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ ان میں سے 33 نشستوں پر عمران خان ہی امیدوار ہوں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی کی 8 نشستوں پر بھی 16 اکتوبر 2022 کو ضمنی الیکشن ہوئے تھے اور ان تمام نشستوں پر عمران خان خود کھڑے ہوئے تھے۔ ان 8 میں سے عمران خان 6 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے تھے جبکہ دو نشستوں این اے237 کراچی سے پیپلزپارٹی کے عبدالحکیم بلوچ اور این اے157 ملتان سے پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی کامیاب ہوگئے تھے۔

عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن نے نا اہل کردیا تھا اور وہ فی الحال قومی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں۔ مذکورہ 6 نشستوں پر کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی الیکشن کمیشن نے اب تک جاری نہیں کیا ہے۔