بھارتی بیٹر کو ڈبل سنچری پر مبارکباد دینا کامران اکمل کو مہنگا پڑ گیا

بھارتی شہر حیدرآباد میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان ہونے والے ون ڈے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 349 رنز بنائے۔

349 میں سے 208 رنز بھارتی بیٹر شبمن گِل نے بنائے، اوپنر شبمن گِل 149 گیندوں پر 19 چوکوں اور 9 چھکوں کی مددسے 208 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس شاندار اننگز پر پاکستانی کرکٹر کامران اکمل نے انہیں مبارکباد دی جو انہیں بہت منگی پڑی۔

پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے ٹوئٹ کے ذریعے شبمن کو مبارک باد دی اور لکھا ’ناقابل یقین ڈبل سنچری، واؤ ۔۔ شمبن گل دنیا کا اگلا سپر اسٹار۔‘

کامران اکمل کی اس ٹوئٹ نے پاکستانی صارفین کو آگ بگولہ کردیا ہے۔ زیادہ تر صارفین نے کامران اکمل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بھارتیوں کو حد سے زیادہ مکھن لگا رہے ہیں اور اپنے کھلاڑیوں کو ہر وقت تنقید کرتے رہتے ہیں۔

کچھ صارفین نے الٹا کامران اکمل کو ہی تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا اور ان کی وکٹ کیپنگ اسکلز پر سوالات اٹھا دیے۔

ٹوئٹر صارفین نے کامران اکمل کیخلاف دل کی خوب بھڑاس نکالی اور ان کے خلاف ٹویٹس کی لائن لگ گئی۔