پشاور: معروف قانون دان لطیف آفریدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق
پشاور: معروف قانون دان لطیف آفریدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔
نیوز رپورٹس کے مطابق لطیف آفریدی پر فائرنگ کا واقعہ پشاور ہائیکورٹ کے بار میں پیش آیا جہاں بار کے احاطے میں ان پر فائرنگ کی گئی جس میں سینئر وکیل لطیف آفریدی شدید زخمی ہوئے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے 79 سالہ لطیف آفریدی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
پولیس کے مطابق عبدالطیف آفریدی کو 6 گولیاں لگیں اور ان پر فائرنگ کرنے والے شخص کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا ہے جس کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی ہے جب کہ ملزم سائل کے طور پر آیا تھا۔
پشاور ہائیکورٹ بار کے احاطے میں فائرنگ کے بعد ہائیکورٹ کے دروازے بند کردیے گئے ہیں اور سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی طور پر معاملہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے تاہم اس معاملے کی انکوائری کررہے ہیں، یہ بھی پتالگایا جارہا ہےکہ ملزم پستول اندر کیسے لے کر گیا یا پھر اسے اسلحہ فراہم کرنے میں کسی نے اس کی مدد کی۔