کمپیوٹر سسٹم میں فنی خرابی کے باعث امریکا بھر میں پروازیں روک دی گئیں

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے بتایا ہے کہ کمپیوٹر سسٹم میں فنی خرابی کے نتیجے میں امریکا بھر میں پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔

ایف اے اے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نوٹس ٹو ائیر مشنز سسٹم فیل ہونے کی وجہ سے امریکا بھر میں ڈومیسٹک فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے، البتہ بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں۔

بیان کے مطابق فنی خرابی کے باعث امریکا بھر میں پروازیں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے تک کے لیے معطل کردی گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ فنی خرابی دور کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے اور جلد پروازوں کا سلسلہ بحال ہوجائے گا۔

نوٹس ٹو ائیر مشنز سسٹم پائلٹوں کو مختلف خطرات سے آگاہ کرتا ہے اور مختلف تکنیکی تفصیلات فراہم کرتا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ اس سسٹم میں خرابی کیوں ہوئی اور اس کی شدت کیا ہے۔

دوسری جانب نوٹس ٹو ائیر مشنز سسٹم میں فنی خرابی سے امریکی صدر جو بائیڈن کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

امریکی صدر نے ایف اے اے کے حکام کو کمپیوٹر میں فنی خرابی کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری Karine Jean-Pierre نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ابھی سائبر حملے کے کوئی شواہد نہیں ملے مگر صدر بائیڈن نے محکمہ ٹرانسپورٹیشن کو اس معاملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے، جبکہ ایف اے اے کو مسلسل اپ ڈیٹس فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امریکی ٹرانسپورٹیشن سیکرٹری پیٹ Buttigieg نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ ایف اے اے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف اے اے کی جانب سے مسئلے کو فوری حل کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے تاکہ فضائی ٹریفک بحال ہوسکے، ہم اس حوالے سے اپ ڈیٹس فراہم کرتے رہیں گے۔

امریکی ایوی ایشن کےکمپیوٹرسسٹم میں خرابی سے4 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

اسی طرح فضا میں موجود کئی طیاروں کوبحفاظت اتارنےکاعمل جاری ہے۔

اس سے قبل دسمبر میں بھی جان لیوا برفانی طوفان کے نتیجے میں بھی امریکا بھر میں ہزاروں پروازوں کو منسوخ کیا گیا تھا۔