روہت شرما نے سری لنکن کپتان کو رن آؤٹ کرنیکی اپیل واپس کیوں لی؟

بھارت میں سری لنکا کے خلاف ہونے والے پہلے ون ڈے میں روہت شرما نے سری لنکن کپتان داسن شناکا کے خلاف کی جانے والی رن آؤٹ کی اپیل واپس لی جو  یقیناً ایک غیر معمولی واقعہ تھا۔

اس میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مہمان ٹیم کو 374 رنز کا ہدف دیا، جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 50 اوررز میں 306 رنز ہی بنا سکی، میچ کے آخری اوور میں انتہائی دلچسپ چیز بھی دیکھنے کو ملی جس نے شائقین کرکٹ کا دل باغ باغ کر دیا۔

دراصل 50ویں اوور میں محمد شامی چوتھی گیند پھینکنے آنے لگے تو  نان اسٹرائیکر اینڈ پر سری لنکن کپتان داسن شناکا کریز چھوڑ کر نکل پڑے جنہیں محمد شامی نے ‘مینکڈ’ کر دیا، اس وقت شناکا 98 رنز پر کریز پر موجود تھے۔

فوراً ہی محمد شامی نے  رن آؤٹ کی اپیل کر دی جس کے بعد ٹی وی امپائر کی جانب فیصلہ چلا گیا لیکن بھارتی کپتان روہت نے اپیل واپس لے لی۔

اس حوالے سے روہت شرما نے بتایا کہ ‘مجھے پتہ نہیں چلا کہ شامی نے ایسا کیا ہے، داسن98 پر کھیل رہا تھا، ہم اسے ایسے آؤٹ نہیں کر سکتے تھے، ہم اسے ایسے آؤٹ کرنا چاہتے تھے جیسے وہ خود آؤٹ ہونا چاہتا تھا، ہم نے  (مینکڈ) کے بارے میں نہیں سوچا  تھا’۔

روہت شرما نے کہا ‘داسن نے شاندار بیٹنگ کی تھی، اسی لیے ہم اسے ایسے آؤٹ نہیں کر سکتے تھے’۔

بعدازاں داسن نے سنچری مکمل کی اور انہوں نے ون ڈے کیرئیر میں دوسری مرتبہ 100 رنز بنائے۔

واضح رہے بھارت نے سری لنکا کو تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں 67 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔