بجلی کے بغیر چلنے والا ٹی وی، حیرت انگیز ایجاد منظر عام پر

دنیا کا پہلا ایسا ٹیلی ویژن متعارف کرایا گیا ہے جسے چلانے کے لیے بجلی کی ضرورت نہیں۔ جی ہاں یہ دنیا کا پہلا ایسا ٹی وی ہے جس میں کوئی تار نہیں یعنی وائرلیس ہے اور اسے چلانے کے لیے بجلی کی ضرورت نہیں۔

اس ٹی وی کو لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو کے موقع پر متعارف کرایا گیا۔  امریکا کے ایک اسٹارٹ اپ ڈس پلیس نے یہ ٹی وی تیار کیا ہے جس میں کوئی تار موجود نہیں بلکہ بیٹری سے پاور فراہم کی جاتی ہے۔

اس ٹی وی میں 4 بیٹریاں موجود ہیں اور کمپنی کے مطابق سنگل چارج پر یہ ٹی وی ایک ماہ (اگر روزانہ 6 گھنٹے چلایا جائے) تک چل سکتا ہے جس کے بعد دوبارہ چارج کرنے کی ضرورت ہوگی۔

اس ٹی وی میں ایکٹیو لوپ ویکیوم (2 پٹیاں) نامی ٹیکنالوجی بھی موجود ہے جس کی مدد سے ٹی وی کو کسی بھی سطح پر رکھ کر چلایا جاسکتا ہے۔ یعنی اسے کھڑکی سے چپکایا جاسکتا ہے، دیوار پر یا فرش پر کہیں بھی رکھ کر چلایا جاسکتا ہے۔

وائرلیس ہونے کے ساتھ ساتھ اس ڈیوائس کو چلانے کے لیے ریموٹ کنٹرول کی بھی ضرورت نہیں بلکہ ہاتھوں کے اشاروں سے اسے چلایا جاسکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ٹی وی کے اوپری حصے میں ایک کیمرا دیا گیا ہے۔

اس ٹی وی کا ایک علیحدہ بیس یونٹ باکس بھی ہے جسے بجلی کے ساکٹ سے پلگ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور وہی وائی فائی کے ذریعے مواد چلانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ ٹی وی 55 انچ کے ڈسپلے سے لیس ہے جس میں کوئی پورٹ موجود نہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ ٹی وی 2023 کے آخر تک فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کی قیمت 3 ہزار ڈالرز ہوگی۔