الیکشن جلدی ہونے والے نہیں، عمران خان کیسز بھگتنے کی تیاری کریں: ایاز صادق
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اب کیسز بھگتنے کی تیاری کریں۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھا عمران خان پر جس جس نے احسان کیا بدلے میں عمران خان نے سب احسان کرنے والوں کو ڈس لیا، کیا اب کوئی عمران خان پر اعتبار کرے گا؟
ایاز صادق نے کہا کہ علیم خان اور جہانگیر ترین نے عمران خان کے لیے کیا کچھ نہیں کیا مگر عمران خان نے انہیں بھی دھوکا دیا، اب لوگ بےوقوف بننے کو تیار نہیں ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اگلے الیکشن میں بیساکھیاں عمران خان کے پاس نہیں ہوں گی، عمران خان اب کیسز بھگتنے کی تیاری کریں، عمران خان تم اپنی بیٹی، توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کا بھی حساب دو گے، الیکشن جلدی نہیں ہونے والے، زیادہ تنگ نہ کرو پنجاب کی خیر مناؤ، ثاقب نثار کی بھی پکڑ ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہیٰ سے بھی کہتا ہوں کہ جس پر احسان کریں اس کے شر سے ڈریں، عمران خان کی خصلت نہیں بدلنی، آپ بھی عمران خان کی مدد کرکے خوش نہیں ہوں گے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ 2018 میں باجوہ صاحب کے کہنے پر ایم پی ایز توڑے گئے، ہمارا ایک شخص بھی وعدہ معاف گواہ نہیں بنا اب ایک لائن لگی ہوئی ہے، باجوہ صاحب نے ملک کے ساتھ اچھا نہیں کیا، اب اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہوگئی تو انہیں برا بھلا کہنا شروع کر دیا، پی ڈی ایم کی حکومت باجوہ نے نہیں، سیاسی جماعتوں اور عوام کی نفرت نے بنائی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 44 مہینے کی تباہی 7 آٹھ مہینے میں ٹھیک نہیں ہو گی، چیزیں ٹھیک کرنے کے لیے ہمیں وقت دیں۔