والدہ نے ہمیشہ نفرت نہ کرنا اور دوسروں کو معاف کرنا سکھایا: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو  نے والدہ کی 15 ویں  برسی پر جاری پیغام میں  کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اپنے دور سے بہت آگے کا ادراک رکھنے والی کرشماتی لیڈر تھیں۔

اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ہر روز بینظیر بھٹو کے وژن سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو جیسے کرشماتی لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، وہ اپنے دور سے بہت آگے کا ادراک رکھنے والی کرشماتی لیڈر تھیں ، انہوں نے  ہمیشہ نفرت نہ کرنا اور دوسروں کو معاف کرنا سکھایا۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان میں جمہوری جدوجہد کی معمار تھیں وہ پسماندہ طبقات و اقلیتوں کے حقوق کی محافظ اور خواتین کی ترقی و خودمختاری کی عملی جدوجہد کی علمبردار تھیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو وفاق کی مضبوط علامت تھیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  یہ شہید محترمہ کے نظریے کی کامیابی ہے کہ آج جمہوری قوتیں ایک پیج پر ہیں، ملک کی جمہوری قوتیں ارضِ وطن کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔

 والدہ کی 15 ویں برسی پر بلاول بھٹو نے عزم کا اظہار کیا کہ پی پی پی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سوچ و فلسفہ پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے اپنی جدوجہد آگے بڑھائے گی، ملک سے غربت، بھوک اور بیروزگاری کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرے گی،  پاکستان کو اسلامی دنیا کا رول ماڈل ایک مضبوط جمہوری وفاقی ملک بناکر دم لیں گے، ہم پارلیمان و جمہوریت کو مضبوط بناکر سماجی و معاشی انصاف کو یقینی بنائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *