بشریٰ کا مقصد جائیداد ہے، دانیہ کو پھنسایاجارہا ہے: دانیہ کی والدہ کا الزام
مرحوم رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ بشریٰ اقبال کا مقصد جائیداد ہے اسے لیے ان کی بیٹی کو بھی پھنسایا جارہا ہے۔
نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیہ کی والدہ نے کہا کہ بشریٰ نے عامر کے ساتھ بھی زیادتی کی اور اب میری بیٹی کے ساتھ بھی زیادتی کررہی ہے، عامر کا قتل ہوا ہے اس کی روح کو بھی انصاف ملے گا اور میری بیٹی کو بھی انصاف ملے گا۔
سلمیٰ بی بی نے بشریٰ اقبال پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بشریٰ کا مقصد جائیداد ہے جو سب میڈیا والے بھی جانتے ہیں اسی لیے عامر بھی مرگئے اور میری بیٹی کو بھی اسی لیے پھنسایا جارہا ہے۔
عامر لیاقت کی وفات سے قبل ان کی نازیبا ویڈیو لیک کے معاملے پر بات کرتے ہوئے دانیہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ عامر کی ویڈیو جس نے وائرل کی وہ سامنے آجائے گا میری بیٹی نے ویڈیو وائرل نہیں کی، کچھ بھی ہوجائے میری بیٹی 100 فیصد بے گنا ہ ہے، یہ جھوٹا الزام ہے، میری بیٹی کے خلاف جھوٹی چالیں اور پراپیگنڈہ رچایا جارہا ہے، اللہ ایک دن سچ سب کے سامنے لے کر آئے گا ہم ہمت نہیں ہارتے جو بیٹی پر الزام لگارہے کہ وہ اس کا ثبوت بھی دیں۔