تمام ادارے اسمگلنگ روکنے کیلئے مشترکہ کارروائیاں کریں: وزیر خزانہ کی ہدایت
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں سرحدوں پر اسمگلنگ روکنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اجلاس ہوا جس میں گورنراسٹیٹ بینک، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خزانہ اور ڈی جی ایف آئی اے شریک ہوئے۔
اجلاس میں اسمگلنگ روکنے کیلئے کسٹمز، قانون نافذ کرنے والے اور خفیہ اداروں کی مشترکہ کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سرحدوں پر اسمگلنگ روکنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ملکی سرحدوں پر کرنسی، یوریا کھاد اور گندم کی اسمگلنگ روکنے کے اقدامات اور رواں ہفتے کے دوران اسمگلنگ کے دوران ضبط شدہ سامان کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ نے کرنسی اور دوسری اشیاء کی اسمگلنگ روکنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اسمگلنگ سے ملکی معیشت کی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں لہٰذا تمام ادارے اسمگلنگ روکنے کیلئے مشترکہ کارروائیاں کریں۔