پیرو کی پہلی خاتون صدر نے عہدہ سنبھال لیا
لاطینی امریکا کے ملک پیرو کے صدر پیڈرو کاستیلو کی برطرفی کے ایک روز بعد نائب صدر دینا بولوارتے نے صدر کا عہدہ سنبھال لیا، وہ پیرو کی پہلی خاتون صدر ہیں۔ گزشتہ روز پیرو کے صدر پیڈرو کاستیلو مواخذے کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد عہدے سے فارغ ہوگئے تھے اس سے قبل پیڈرو کاستیلو نے بطور صدر کانگریس کو تحلیل کرنےکا اعلان کیا تھا۔
کئی گھنٹوں کی سیاسی غیر یقینی صورت حال کے بعد بالآخر نائب صدر دینا بولوارتے نے ملک کے نئے صدر کا عہدہ سنبھال لیا، 60 سالہ بولوارٹ 26 جولائی 2026 تک صدر رہیں گی۔
خیال رہے کہ سابق صدر پیڈرو کاستیلو نے مواخذے سے بچنے کے لیے پارلیمان کو تحلیل کرنے کی کوشش کی تھی، پیڈرو کاستیلو کو بغاوت کے مبینہ جرم اور آئینی ضابطوں کی خلاف ورزی کرنےکے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نےگزشتہ روز پارلیمان کو تحلیل کرنے اور نئے انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا،وہ اپنی پانچ سالہ مدت کا بمشکل 18ماہ ہی مکمل کر پائے تھے۔ 2021 میں عہدہ صدارت سنبھالنےکے بعد پیڈرو کاستیلو کو مواخذے کے ذریعہ برطرف کرنے کی یہ تیسری کوشش تھی۔ دوسری جانب سابق صدر کی برطرفی کے بعد دارالحکومت لیما میں ان کے حامیوں کا احتجاج جاری ہے۔