ہم الیکشن ایک سال مزید آگے بڑھانےکا سوچ رہے ہیں: فضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک کو ٹھیک کرنے کیلئے وقت درکار ہے، ہم الیکشن ایک سال مزید آگے بڑھانےکا سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں اتنی نفرتیں پیدا کی ہیں کہ ان سے بات چیت مشکل ہے۔
مولانا نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن ہم نے بچایا، ہمارے دور میں ہی ملک گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں آیا، ہم تو الیکشن ایک سال مزید آگے بڑھانے کا سوچ رہے ہیں، ملک کو ٹھیک کرنے کیلئے وقت درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ عمران خان ساڑھے تین سال میں ملک دلدل میں پھنساچکاہے، عمران خان نےملک میں اتنی نفرتیں پیدا کی ہیں ان سے بات چیت مشکل ہے، عمران خان نوازشریف ،شہبازشریف کو چور کہتا ہے مگرفرح گوگی کوچورنہیں مانتا، توشہ خانہ کے بعد پشاور کے نوادرات کا اسکینڈل بھی آرہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پشاور میوزیم کے نوادرات کس نے بیچے ہیں اس کی تحقیقات بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف عدم اعتماد کافیصلہ صوبائی پارٹی کی مشاورت سےکریں گے۔