واٹس ایپ میں تھری ڈی اواتار تیار کرنے کا فیچر متعارف
واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جو ان کے چیٹس کو بدل کر رکھ دے گا۔ اب دنیا کے مقبول ترین میسنجر کے صارفین اپنے تھری ڈی اواتار بناسکیں گے۔
یہ فیچر پہلے ہی میٹا کی دیگر ایپس فیس بک، انسٹاگرام اور میسنجر میں دستیاب تھا اور اب اسے واٹس ایپ میں متعارف کرایا جارہا ہے۔ واٹس ایپ نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ ان تھری ڈی اواتار کو پروفائل فوٹو کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
اسی طرح صارفین کے اواتار کے مطابق 36 کاسٹیوم اسٹیکرز بھی دستیاب ہوں گے جن کو وہ اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔ اس فیچر پر کئی ماہ سے کام کیا جارہا تھا اور اب اسے صارفین کے لیے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کو بتدریج یہ فیچر دستیاب ہوگا۔
اپنے فون میں واٹس ایپ کو اوپن کرکے تھری ڈاٹ مینیو سے سیٹنگز میں جائیں تو وہاں Avatars کا سیکشن آپ کو نظر آئے گا (اگر فیچر آپ تک پہنچ گیا ہو تو)۔ اس سیکشن پر کلک کرے آپ اپنی پسند کے تھری ڈی اواتار کو تیار کرسکتے ہیں۔
اسی طرح آئی او ایس یا اینڈرائیڈ پر کسی چیٹ باکس میں اسٹیکر کے آپشن پر جاکر اس اواتار کے اسٹیکرز دوستوں کو بھیج سکتے ہیں۔ واٹس ایپ کے مطابق مستقبل میں اس فیچر کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔