دنیا کے پہلے خلائی مسافر بڑا اعلان کرنے کیلئے تیار
دنیا کے پہلے خلائی سیاح یوساکوما یزاوا نے اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک سے ملاقات کے بعد بہت جلد خلا سے متعلق ‘بڑا اعلان’ کرنے کا ٹوئٹ کیا ہے۔ جاپانی ارب پتی یوساکوما یزاوا ایک آن لائن فیشن کمپنی کے بانی ہیں اور انہوں نے دسمبر 2021 میں انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) جاکر پہلے خلائی سیاح کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
وہ 2023 میں ایلون مسک کی کمپنی کے ذریعے چاند کے سفر کی منصوبہ بندی بھی کررہے ہیں، مگر ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ مشن شیڈول کے مطابق روانہ ہوتا ہے یا نہیں۔
47 سالہ یوساکوما یزاوا نے ٹوئٹ میں بتایا کہ ایلون مسک سے ان کی آن لائن ملاقات ہوئی اور وہ 9 دسمبر کو خلا سے متعلق بڑا اعلان کرنے والے ہیں۔ اگر 2023 کو اسپیس ایکس کا چاند پر بھیجے جانے والا مشن روانہ ہوا تو یوساکوما یزاوا وہاں جانے والے پہلے پرائیویٹ مسافر بن سکتے ہیں۔ انہیں ستمبر 2018 میں اسپیس ایکس نے چاند کے پہلے نجی سیاحتی دورے کے لیے منتخب کیا تھا۔