تعمیر اور ترقی عمل سے ہوتی ہے دھرنوں سے نہیں: وزیراعظم کا طنز
وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ تعمیر اور ترقی عمل سے ہوتی ہے دھرنوں سے نہیں، رونے دھونے، مرثیہ پڑھنے اور تماشہ لگانے سے کچھ نہیں بنے گا۔
وزیرِ اعظم شہبازشریف نے منگلا بجلی گھر کے یونٹ نمبر 5 اور 6 کی تکمیل کا افتتاح کیا، معاونِ خصوصی طارق فاطمی،وزیرِاعظم آزاد کشمیرسردارتنویر الیاس،چیئر مین واپڈا، امریکی سفیرڈونلڈ بلوم،یو ایس ایڈ مشن ڈائیریکٹر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ تعمیر اور ترقی عمل سے ہوتی ہے دھرنوں سے نہیں، رونے دھونے، مرثیہ پڑھنے اور تماشہ لگانے سے کچھ نہیں بنے گا، ہمت سے کام لینا ہوگا لیڈر شپ کو بھی اب خون پسینہ بہانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیمز پہلے بنائے جاتے تو آج سستی بجلی دستیاب ہوتی، پن بجلی، شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی بنانےپر توجہ دی جاتی تو آج ہمارا ایندھن کا بل 27 ارب ڈالر نہ ہوتا، ایک ارب ڈالر کے بانڈ سے متعلق بہت کچھ کہا گیا ہم یہ ادائیگی کرچکے ہیں۔