گوگل نے ایک نیا اے آئی ماڈل جیمنائی 2.5 متعارف کرا دیا
گوگل کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی میں پیشرفت کے عمل کو تیز کر دیا گیاہے۔
گوگل کی جانب سے چند ماہ قبل جیمنائی 2.0 اے آئی ماڈل کو متعارف کرایا گیا تھا اور اب اس کا زیادہ بہتر ورژن جیمنائی 2.5 کی شکل میں پیش کر دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ نیا اے آئی ماڈل کوڈنگ، ریاضی اور سائنس جیسے شعبوں میں زیادہ ٹھوس کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔
یہ اے آئی ماڈل مختلف ورژن میں دستیاب ہوگا۔
ان میں سے ایک جیمنائی 2.5 پرو ایکسپیرمنٹل ہے اور کمپنی کے مطابق یہ ایک سوچنے والا ماڈل ہے جو صارفین کے سوالات پر منطقی انداز سے ردعمل پیش کرتا ہے۔
اسی طرح یہ سوالات کا تجزیہ کرنے اور ان کے تناظر کو بیان کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
ایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی نے کہا کہ جیمنائی 2.5 کے ذریعے ہم نے بیسک ماڈل کی افادیت اور کارکردگی کو نمایاں حد تک بڑھا دیا ہے۔
بلاگ پوسٹ کے مطابق ہم نے سوچنے کی صلاحیت کو براہ راست اپنے تمام ماڈلز کا حصہ بنا دیا ہے تاکہ وہ زیادہ پیچیدہ مسائل کو حل کرسکیں اور زیادہ کارآمد اے آئی ایجنٹس کے طور پر کام کرسکیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گوگل نے حال ہی میں جیمنائی 2.0 کو اپنی سروسز کا حصہ بنانا شروع کیا ہے مگر اس کے ساتھ ہی نئے اے آئی ماڈل کو بھی متعارف کرا دیا ہے۔
جیمنائی 2.5 پرو ایکسپیرمنٹل ابھی گوگل اے آئی اسٹوڈیو میں دستیاب ہے جبکہ جیمنائی ایڈوانسڈ کے صارفین اسے براہ راست جیمنائی ایپ میں استعمال کرسکتے ہیں۔