خیبرپختونخوا: گندم کی پیداوار میں کمی پر قابو پانے کیلئے زرعی ماہرین نے بیج تیار کرلیے

خیبرپختونخوا میں گندم کی پیداوار میں مسلسل کمی پر قابو پانے کیلئے پشاور کے زرعی تحقیقاتی ادارے ترناب کے ماہرین نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باوجود زیادہ پیداوار دینے والی گندم کے تین اقسام کے نئے بیج تیار کرلیے۔

ماہرین کے مطابق خیبرپختونخوا سالانہ 14 لاکھ ٹن گندم پیدا کرتا ہے جبکہ اس کی سالانہ کھپت 50 لاکھ ٹن ہے، صوبے میں کاشتکاری کا 51 فیصد انحصار بارشوں پر ہے تاہم گزشتہ پانچ سالوں سے موسمیاتی تبدیلیوں بالخصوص بارشوں کے نہ ہونے سے زرعی شعبہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

نئے بیج تیار کرنے والے ماہرین الطاف اللہ اور اختر علی کا کہنا تھا کہ گندم کی پیداوار بڑھانے کیلئے زرعی تحقیقاتی ادارے ترناب میں نئے بیج تیار کیے ہیں، نئے بیجوں کی تیاری کے ساتھ ساتھ کسانوں کو جدید کاشتکاری کی تکنیک کی تربیت بھی دی جا رہی ہے جس سے کاشتکاروں کو پیداواری اہداف حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔

ماہرین کے مطابق حالیہ سالوں کے دوران خیبرپختونخوا میں موسمیاتی تبدیلیوں، بیچ اور کھادوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کسانوں نے گندم کی کاشت کم کردی تھی، نئے بیجوں سے جہاں صوبے میں گندم کی پیداوار زیادہ ہوگی وہیں ان بیجوں میں شامل زنک اور آئرن سے بہت سی بیماریوں پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *