ٹین بلین ٹری: ہدف کے مقابلے میں ایک ارب 8 کروڑ پودے کم لگانے کا انکشاف
اسلام آباد: گرین پاکستان پروگرام (سابقہ ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام)کے تحت ملک بھر میں ایک ارب سے زائد کم پودے لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
گرین پاکستان پروگرام (سابقہ ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام)کے تحت ملک بھر میں ہدف کے 3ارب 29کروڑ 60لاکھ کے مقابلے میں2ارب 21کروڑ 20 لاکھ پودے لگائے جاسکے ہیں۔
اس طرح ایک ارب 8کروڑ 40 لاکھ ہدف سے کم پودے لگانے کا انکشاف ہوا ہے۔
سرکاری دستاویز کے مطابق پی سی ون کے تحت جب سے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام شروع ہوا ہے تو کسی سال بھی مطلوبہ ہدف کے مطابق پودے نہیں لگائے جا سکے ہیں۔
بلوچستان میں سب سے کم 22فیصد اور سب سے زیادہ سندھ میں 85 فیصد پودے لگائےگئے ہیں، اس طرح ملک بھر میں ہدف کے مقابلے میں67 فیصد پودے لگائے جاسکے ہیں۔