حکومت کا نیکٹا کو مضبوط کرنے اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کو مزید مؤثر کرنے کے لیے نیکٹا کو مضبوط بنانے اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نیکٹا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار ادا کرے گی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں برس اکتوبر تک 7984 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 206 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
اجلاس میں سوشل میڈیا پرکالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے جامع اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ٹی اے کے تعاون سے دہشتگرد گروپوں کے اکاؤنٹ کو بلاک کیا جائے گا، غیر قانونی سمز کی روک تھام کے لیے صوبے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں گے۔
اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کا اعلان کیا اور 7 روز میں تمام اداروں کو ضروریات سے متعلق رپورٹ وزارت داخلہ کوبھجوانےکی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ مؤثر کوآرڈینیشن کے لیے نیشنل فیوژن سینٹر قائم کردیا گیا ہے، امن و امان کی صورتحال بہتربنانےکے لیے سب کو مل کرکام کرنا ہے، دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے پولیس اور ایف سی کو مضبوط کیاجائےگا، استعداد کار کوبڑھانا ہے اور تمام صوبوں کی پولیس کو جدیدٹیکنالوجی سے آراستہ کرناہے۔