احتجاج کا پلان بنا رہے ہیں، اس بار پورا ملک بلاک کریں گے: علی امین گنڈاپور
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ احتجاج کا ایک اور پلان بنا رہے ہیں اور اس دفعہ پورے ملک کو بلاک کریں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آزاد عدلیہ پر حملہ ہوا ہے، غیرقانونی آئینی ترامیم کے خلاف ہم آواز اٹھائیں گے، یہ اپنی مرضی کے ججز تعینات کرکے مرضی کے فیصلے کریں گے مگر آئینی ترامیم ہم ختم کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا مبارک زیب کو ٹکٹ نہ دینے کا میرا فیصلہ ٹھیک تھا، مبارک زیب نے بانی پی ٹی آئی کی تصویر لگا کر پارٹی کے ساتھ غداری کی، باجوڑ کے لوگوں کو بتا رہا ہوں کہ مبارک زیب نے آپ کا ووٹ نہیں آپ کا حق بیچا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ جنہوں نے عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ان کو پارٹی سے نکالیں گے، ووٹ بیچنے والوں کے نام سامنے آئے ہیں، آج شوکاز جاری کیا جائے گا، جو غدار ہے اس کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔
علی امین نے مزید کہا کہ اس دفعہ ایک اور احتجاج کا پلان بنا رہے ہیں، احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں پھیلائیں گے اور میں قیادت کروں گا، یہ مکمل احتجاج ہوگا اور پورے پاکستان کو بلاک کریں گے، پرامن رہنا ہے سیاسی تحریک ہے اور سیاسی طریقے سے چلے گی۔