فوجی عدالتوں کے حق میں نہیں، آئینی عدالت کا معاملہ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے: بلاول

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ آئینی عدالت کا معاملہ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کے حق میں نہیں ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل چلانے کے لیے یہ دیکھنا ہوگا کہ ان کے خلاف شواہد کیا ہیں؟

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سزائے موت کے خلاف ہے اور صدارتی معافی کا اختیار بھی پیپلز پارٹی کے ہی پاس ہے ۔

ایک سوال پر بلاول کا کہنا تھاکہ ملک میں کھیل یہ کھیلنا چاہیے کہ ’کون بنے گا وزیراعظم‘  لیکن کھیل کھیلا گیا کہ ’بنے گا یا نہیں بنے گا آرمی چیف‘ ۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئینی حدود سے باہر نکل کر کھیلنے والے اداروں کو واپس آئینی حدود میں آنا ہوگا۔

جب بلاول سے پوچھا گیا کہ 25 اکتوبر آئینی ترامیم کی ڈیڈ لائن ہے؟ تو جواب میں چیئرمین پی پی نے کہا 25 اکتوبر تک ترامیم ہوگئیں تو معاملہ پُرامن حل ہو جائے گا ، ترامیم نہ ہوئیں تو حالات شاید کسی کے کنٹرول میں نہ رہیں، آئینی عدالت کا معاملہ پایۂ تکمیل تک پہنچائیں گے، پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کے حق میں نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *