محمد یوسف کا پاکستان ٹیم سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونیکا اعلان، وجہ بھی بتادی
پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے ممبر محمد یوسف پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے مستعفیٰ ہوگئے۔
محمد یوسف نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سلیکشن کمیٹی سے مستعفیٰ ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے لیے اس شاندار ٹیم کی خدمت کرنا ایک بڑا اعزاز تھا اور وہ فخر محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ کی ترقی اور کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا، مجھے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی صلاحیت اور جذبے پر پورا اعتماد ہے اور میں پاکستان ٹیم کی کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
محمد یوسف کا پاکستان ٹیم سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونیکا اعلان، وجہ بھی بتادی
دوسری جانب محمد یوسف سے براہ راست رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر وہ دستیاب نہیں تھے۔
ذرائع کے مطابق محمد یوسف کے پاکستان ٹیم کے کوچز کے ساتھ کچھ ایشوز تھے جس کی وجہ سے وہ سلیکشن کمیٹی سے الگ ہوئے۔ یہ ایشوز سلیکشن اور سینٹرل کنٹریکٹس کے حوالے سے ہونے والی میٹنگز میں ہوئے جو سنگین صورتحال اختیار کر گئے۔
ذرائع کے مطابق محمد یوسف نے ابھی سلیکٹر کے عہدے سے استعفی دیا ہے محمد یوسف کے چیئرمین محسن نقوی اور پی سی بی کے ساتھ تعلقات میں کوئی فرق نہیں آیا اور بہت جلد محمد یوسف کو ایک نیا عہدہ دیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی تصدیق:
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ سابق کرکٹر محمد یوسف نے سلیکشن کمیٹی کے ممبر کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق محمد یوسف نے اپنے استعفی کی وجہ ذاتی وجوہات کو قرار دیا ہے۔
محمد یوسف کا یہ استعفی ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان کی کرکٹ ٹیم مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور انگلینڈ سے سیریز کے آغاز میں ایک ہفتے کا وقت رہ گیا ہے ۔
واضح رہے کہ محمد یوسف کا شمار پاکستان کے چند کامیاب ترین بیٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے 1998 سے 2010 تک اپنے کیریئر میں 7530 ٹیسٹ رنز اور 9720 ون ڈے رنز اسکور کیے۔
انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر سال (2006) میں سب سے زیادہ 1788 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔