راولپنڈی میں دو روز کیلئے دفعہ 144 نافذ، رینجرز کو طلب کرلیا گیا
محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کردی اور رینجرز کو طلب کرلیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ حکومت پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی ہے اور ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی۔
راولپنڈی ڈویژن میں اسلحہ رکھنے اور نمائش پر بھی پابندی ہوگی تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان کو پابندی سے استثنیٰ ہوگا۔
پابندی کا اطلاق ہفتہ 28 ستمبر اور اتوار 29 ستمبر کو ہو گا۔ راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں دفعہ 144 نافذ ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات ہوں گی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہتھیاروں سے لیس شرپسند عناصر کا راولپنڈی آمد کا اندیشہ ہے اور امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی۔
رینجرز کی تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔