18ستمبرکو پاکستان میں جزوی چاندگرہن ہوگا
کراچی: 18 ستمبر کو پاکستان میں جزوی چاند گرہن ہوگا، چاند گرہن کا مشاہدہ جزوی طور پر کچھ لمحات کے لیے ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق افق کے نیچے ہونے پر چاند گرہن کا مکمل مشاہدہ نہیں کیا جاسکےگا، پاکستان میں چاند گرہن کا آغاز صبح 5 بجکر 41 منٹ پر ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں چاند گرہن کو جزوی گرہن لگنے کا آغاز 7 بجکر 13 منٹ پر ہوگا، جزوی چاند گرہن صبح 7 بجکر 44 منٹ پر اپنے عروج پر ہوگا، جزوی چاند گرہن صبح 8 بجکر 16 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا اور 9 بجکر 47 منٹ پر مکمل اختتام کو پہنچےگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یورپ، ایشیا، افریقا، شمالی اور جنوبی امریکا میں بھی چاند گرہن کا مشاہدہ کیا جاسکےگا۔
خیال رہے کہ جب چاند زمین کے سائے کے تاریک ترین حصے سے گزر رہا ہوتا ہے اور زمین، سورج اور چاند کے درمیان میں آجاتی ہے تو اس موقع پر چاند گرہن ہوتا ہے۔
سورج کی روشنی جب زمینی فضا میں سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی کی نسبت لال رنگ کی روشنی زیادہ مڑ جاتی ہےاور اس وجہ سے گرہن لگنے پر چاند سرخ رنگ کا نظر آتا ہے اور اسی وجہ سے اکثر اسے بلڈ مون بھی کہا جاتا ہے۔