پارلیمنٹ میں سکیورٹی کی ناکامی، اسپیکر نے سارجنٹ ایٹ آرمز کو معطل کردیا
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ میں سکیورٹی کی ناکامی پر سارجنٹ ایٹ آرمز قومی اسمبلی کو 4 ماہ کے لیے معطل کر دیا۔
گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے تمام گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے اور کہا تھا کہ پارلیمنٹ ہاؤس سے ہونے والی گرفتاریوں پر ایکشن ہو گا اور اس پر ہر صورت اسٹینڈ لینا پڑے گا، ناصرف سارے گیٹس (دروازوں) کی بلکہ ہر جگہ کی ویڈیوز مانگی ہیں تاکہ جس پر ذمہ داری ڈالنا ہے ہم ڈالیں۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو بدقسمت سمجھتا ہوں کہ 2014 میں ایک جماعت اور ان کے کزن نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تو اس کرسی پر تھا، اس لحاظ سے بدقسمت ہوں وہ پہلا حملہ تھا، دوسرا حملہ مولانا صلاح الدین ایوب کے کمرے پر چھاپہ پڑا، وہ بھی ہماری بدقسمتی تھی۔
اب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی کے معاملے پر 20 گریڈ کے سارجنٹ ایٹ آرمز قومی اسمبلی محمد اشفاق اشرف کو 4 ماہ کے لیے معطل کر دیا۔
اس کے علاوہ سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ میں سکیورٹی کی ناکامی پر چار سکیورٹی اہلکاروں کو بھی 4 ماہ کے لیے معطل کر دیا۔
معطل ہونے والوں میں سکیورٹی اسسٹنٹ وقاص احمد اور 3 جونیئر اسسٹنٹ سکیورٹی آفیسرز عبیداللہ، وحید صفدر اور محمد ہارون شامل ہیں۔