ہرپاکستانی کو مذہب کی تفریق کےبغیر زندگی گزارنےکا حق حاصل ہے: صدر کا اقلیتوں کے دن پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی کو مذہب، ذات اور رنگ و نسل کی تفریق کے بغیر  آزادی سے زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی میں اقلیتوں کےکردارکے اعتراف میں یہ دن مناتے ہیں، اقلیتوں کے حقوق و مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے قائداعظم کے 11 اگست47 کے وعدے پر قائم رہیں گے، اقلیتوں کوآئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔

صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طورپر تسلیم کرتا ہے، ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اقلیتوں کے لیے نشستیں مختص ہیں، اقلیتی طلبا کو وظائف، عبادت گاہوں کی مرمت اور دیکھ بھال کی فنڈنگ کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے مذہبی،سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، ہرپاکستانی کو مذہب،ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کےبغیر زندگی گزارنےکا حق حاصل ہے، ہرپاکستانی کو اپنےعقیدے کےمطابق زندگی گزارنےکا حق حاصل ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اقلیتوں کےحقوق کے تحفظ اورانہیں آگے بڑھنے کے لیے مساوی مواقع دےگا، یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملک کی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔

اقلیتی برادریاں ہمارے سماج کا ناگزیر اور اہم ترین حصہ ہیں: آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں سروسز چیفس کی جانب سے بھی پاکستان کی اقلیتوں کو مبارکباد پیش کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قوم کی ترقی و خوشحالی میں اقلیتی برادری کا حصہ ناقابل فراموش ہے، آج کا دن تنوع، شمولیت اور بقائے باہمی، ہماری عظیم قوم کا خاصا ہے، اقلیتی برادریاں ہمارے سماج کا ناگزیر اور اہم ترین حصہ ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے پیغام میں کہا گیا کہ اقلیتوں کےحقوق اور آزادیاں مقدس ہیں جوآئین اور اسلام کے مطابق ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *