ویتنام میں کوئلے کی کان گرنے سے 5 افراد ہلاک

ہنوئی: ویتنام میں شدید بارشوں کے بعد کوئلے کی کان گرنے سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کوئلے کی کان گرنے کا واقعہ پیر کے دن پیش آیا جس کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور  کان سے 5 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جن کی عمریں 23 سے 47 سال کے درمیان ہیں۔

رپورٹ کے مطابق  ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پیر کے دن ہیلونگ شہر میں شدید بارش ہوئی تھی جس دوران یہ واقعہ پیش آیا جب کہ بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔

ویتنام اپنے ایندھن کی ضروریات کا زیادہ تر حصہ کوئلے سے چلنے والے پلانٹس سے حاصل کرتا ہے اور  ویتنام میں کان گرنے کے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔

رواں سال اپریل میں ایک کوئلے کی کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ ویتنام میں گزشتہ سال بھی کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے 10 افراد مختلف واقعات میں ہلاک ہوئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *