مخصوص نشستوں پرحلف لینے والے ممبران کا سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف لینے والے ممبران نے فیصلے پر نظرثانی کے لیے ذاتی طورپر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ممبران علیحدہ علیحدہ سپریم کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کریں گے جس میں ممبران مؤقف اپنائیں گے کہ ان کو سنے بغیر ان کے خلاف فیصلہ دیا گیا، ان ممبران نے رٹ پٹیشن کے مندرجات پر مشاورت بھی مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ان ممبران کو رٹ پٹیشن دائر کرنے کا حکم سیاسی جماعتوں نے دیا ہے، بظاہر ممبران ذاتی طورپررٹ دائرکریں گے لیکن انہیں پارٹیوں کی درپردہ حمایت حاصل ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے کے خلاف رٹ پٹیشن آئندہ ہفتے سپریم کورٹ میں دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے میں یہ نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا ہے جس پر (ن) لیگ نے فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر کردی ہے۔