لیبر پارٹی برطانیہ کو اگلا جوہری اسلامی ملک بنا دے گی، نائب امریکی صدارتی امیدوار کا دعویٰ

امریکی ری پبلکن پارٹی کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے نائب صدر کے امیدوار جے ڈی وینس کا بیان سامنے آیا ہے کہ لیبر پارٹی برطانیہ کو جوہری ہتھیاروں سے لیس اگلا اسلامی ملک بنادے گی۔

جے ڈی وینس کو گزشتہ روز ری پبلکن پارٹی کی جانب سے باضابطہ طور پر نائب صدر کا امیدوار نامزد کیا گیا۔

جے ڈی وینس نے مذکورہ بیان گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں منعقدہ نیشنل کنزرویٹزم کانفرنس کے دوران دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے دوست کے ساتھ تبادلہ خیال کررہا تھا کہ آئندہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے والا حقیقی اسلامی ملک کونسا ہوسکتا ہے؟ ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ شاید وہ ملک برطانیہ ہوگا خاص طور کہ جب وہاں لیبر پارٹی کی حکومت آچکی ہے۔

اس کانفرنس میں برطانوی کنزرویٹو جماعت سے تعلق رکھنے والی بھارتی نژاد سابق برطانوی ہوم سیکرٹری سویلا بریورمین بھی شریک تھیں جو رواں سال فروری میں بیان دے چکی ہیں کہ اسلامسٹ لوگ اب برطانیہ کے کرتا دھرتا ہیں۔

تجزیہ کاروں نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر آئندہ امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار میں آتے ہیں تو جے ڈی وینس کے اس بیان کے بعد برطانوی اور امریکی حکومتوں کے درمیان تعلقات پیچیدہ ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب برطانیہ کی نائب وزیر اعظم اینجلا رینر نے کہا ہے کہ جی ڈی وینس ماضی میں بہت سی چونکا دینے والی باتیں کرتے رہے ہیں اور یہ کہ برطانوی حکومت کسی بھی امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرسکتی ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *