ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کیلئے کوالیفائیڈ ٹیموں کی تصدیق، پاکستان شامل یا نہیں؟
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائیڈ ٹیموں کی تصدیق کردی۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں پاکستان بھی شامل ہے۔
پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بہتر رینکنگ کی بنیاد پر ورلڈکپ 2026 کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان رواں برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں نہیں پہنچ سکا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا سمیت دیگر فورمز پر غلط بیانی پھیلائی جارہی تھی کہ اگلے ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کو کوالیفائرز میچ کھیلنے پڑیں گے۔
آئی سی سی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے ٹوٹل 12 ٹیموں نے براہ راست کوالیفائی کیا ہے، میزبان سری لنکا اور بھارت کے علاوہ افغانستان نے بھی کوالیفائی کیا جب کہ دیگر ٹیموں میں آسٹریلیا، جنوبی افریقا، بنگلادیش، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، امریکا، آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں ٹوٹل 20 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی جب کہ باقی 8 ٹیموں کا انتخاب گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی طرح ریجنل کوالیفائر کے ذریعے ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فارمیٹ پر ہی کھیلا جائے گا جس میں 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں رکھا جائے گا اور 8 ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔