ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، 3 کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔
اے سی سی ویمن ایشیا کپ آئندہ ماہ سری لنکا میں ہوگا، 19 جولائی سے 28 جولائی تک ہونیوالے ایونٹ کیلئے ندا ڈار کو پاکستان ویمن ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ارم جاوید، عمیمہ سہیل اور سیدہ عروب شاہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
تسمیہ رباب پہلی بار پاکستان ٹیم میں شامل ہوئی ہیں تاہم دورہ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم میں شامل عائشہ ظفر، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، ام ہانی اور وحیدہ اختر ٹیم میں جگہ نہ بنا سکیں۔
عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور طوبیٰ حسن کو قومی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
ارم جاوید نے اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اکتوبر 2023 میں کھیلا تھا جبکہ عمیمہ نے دسمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلا تھا اور عروب بھی گزشتہ سال ستمبر میں آخری بار ایکشن میں تھیں۔
پہلی بار ٹیم میں شامل ہونیوالی تسمیہ رباب نے نومبر 2023 میں ویسٹ انڈیز اے اور تھائی لینڈ کے خلاف پاکستان اے کی نمائندگی کی تھی۔
ایونٹ کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 5 جولائی سے کراچی میں شروع ہوگا اور 16 جولائی کو ٹیم کی روانگی تک جاری رہے گا۔
ایشیا کپ میں پاکستان کا مقابلہ 19 جولائی کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز بھارت سے ہوگا جب کہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف اس کے میچز بالترتیب 21 اور 23 جولائی کو ہوں گے۔