پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی، ضمنی بجٹ کی منظوری مؤخر
لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے شور شرابے اور ہنگامہ آرائی کے باعث ضمنی بجٹ کی منظوری نہ ہوسکی۔
پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تقریر کے دوران اپوزیشن اراکین نے شور شرابا کیا اور شدید نعرے بازی کی جب کہ ضمنی بجٹ کی منظوری کے موقع پر بھی اپوزیشن اراکین نے ہنگامہ آرائی کی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے باعث ضمنی بجٹ کی منظوری کا عمل موخر کردیا اور کہا کہ میں نے ہاؤس کو بہتر انداز سے چلانے کی کوشش کی، آئندہ ہاؤس کو ان آرڈر چلانے کے لیے اپنا آئینی اختیار استعمال کروں گا۔
اسپیکر ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی اپوزیشن میں رہے لیکن ان جیسی بدتمیزی نہیں کی، ہمارے ساتھ یہ جتنا برا سلوک کرسکتے، انہوں نے کیا، وزیراعلیٰ کے خطاب کے دوران جو کچھ ہوا قابل افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو تمام مراعات دی جارہی ہیں، ہم نے بے ضرر وزیراعلیٰ بزدار کے دور میں بھی بدتمیزی نہیں کی، اپوزیشن جیسا کرے گی اب ان کو ویسا ہی جواب دیا جائےگا، فیصلہ کیا ہے آئندہ اپوزیشن رکن کی تقریر نہیں سنی جائے گی۔